مری اور گلیات میں شدید برف باری کے بعد کئی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہونے سے سیاح، خاندان اور بچے گاڑیوں میں پھنس گئے۔
مری اور گلیات میں ڈیڑھ فٹ تک برفباری کے بعد مری ایکسپریس وے اور لوئر ٹوپہ تا سحر بگلہ ہائی وے پر غیر معمولی ٹریفک میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
شدید برفباری کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے سیاحوں نے مری ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہنگامی اقدامات کی التجا کی۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ مری میں آج بارش اور برف باری جاری رہے گی، انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرے۔
ڈی سی اسلام آباد نے 17 میل سے مری تک مزید سیاحوں کے لیے داخلہ بند کرنے کی اطلاع دی۔
دوسری خبروں میں لاہور، فیصل آباد، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔