فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کے 5 بڑے شہروں میں ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان 5 بڑے شہروں میں ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے سے 100 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔
ایف بی آر نے ملک بھر کے 35 لاکھ ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے کی اسکیم تیار کر لی ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں خوردہ فروشوں پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرضہ فراہم کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ بڑھانے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ بھی آئی ایم ایف کی اس شرط کو پورا کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔